جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطینی اتھارٹی نے بحرین کانفرنس میں شرکت پر گرفتار تاجر رہا کر دیا

پیر 1-جولائی-2019

فلسطینی اتھارٹی نے جون کے آخری ہفتے میں بحرین میں امریکی دعوت پربلائی گئی اقتصادی کانفرنس میں  شرکت کے بعد گرفتار کیے گئے فلسطینی تاجر کو رہا کردیا ہے۔ فلسطینی کاروباری شخصیت صلاح ابو میالہ  کو گذشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے کچھ دیر کے لیے حراست میں لیا جس کے بعد اسے رہا کیا گیا۔ دشمن کے ایجنٹ کی رہائی امریکی مطالبے پرعمل میں لائی گئی۔

عبرانی اخبار’معاریو’ کے مطابق ابومیالہ کو بحرین اقتصادی  ورکشاپ میں شرکت کے  بعد الخلیل پہنچنے پر فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔ ابو میالہ کی گرفتاری کے بعد اسرائیل میں‌ تعینات امریکی سفیر کی طرف سے دھمکی آمیز بیان جاری کیا گیا جس کے بعد رام اللہ اتھارٹی نے دبائو میں آکر ابو میالہ کو رہا کردیا۔

ابو میالہ کے خاندان کا کہنا ہے کہ ابو میالہ صحت مند ہیں۔ انہیں فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے صرف چند گھنٹے کے لیے تحویل میں لیا تھا۔ فلسطینی تاجر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ابو میالہ کے مناما اقتصادی کانفرنس میں شرکت کے حامی نہیں بلکہ خاندان نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ابو میالہ کی مناما کانفرنس میں شرکت اس کا ذاتی فعل تصور ہوگا۔ وہ خاندان کی نمائندگی نہیں کرتے اور نہ ہی خاندان کا مناما کانفرنس کے ساتھ کوئی تعلق ہے۔

ادھر امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے مندوب جیسن گرین بیلٹ نے ابو میالہ کو فلسطینی اتھارٹی کی قید سے رہائی پرمبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مناما کانفرنس میں شرکت کرنے والی تمام شخصیات کے ساتھ ہم مسلسل رابطے میں ہیں۔

ادھر مقامی ذرائع کےمطابق فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے مناما کانفرنس میں شرکت کرنے والے ایک دوسرے تاجراشرف الجعبری کےمکان کا محاصرہ کیا اور اس پر ایک سال قبل پولیس اہلکار پرحملے کے کیس میں گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ایک قریبی یہودی کالونی میں بھاگ گیا۔ تاہم فلسطینی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے گھبر سے اہم دستاویزات اور کیمرے قبضے میں لے لیے ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی