شام میں سرکاری ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ دارالحکومت دمشق کے نزدیک اسرائیلی حملے میں متعدد شہری ہلاک ہو گئے۔ سرکاری میڈیا نے باور کرایا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دمشق اور حمص شہر کے اطراف داغے گئے میزائلوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘سانا’ کے مطابق ان میں کئی میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے اپنے دو نمائندوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ دارالحکومت دمشق میں زور دار دھماکے سنے گئے۔ شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق دمشق اور حمص کے اطراف کے علاقوں کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کو اسرائیلی بحری جنگی جہازوں سے داغا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے علاقے البقاع کے اوپر پرواز کرتے ہوئے المزہ، الکسوہ اور جمرایہ کے علاقوں میں حزب اللہ تنظیم کے ہتھیاروں کے گوداموں کو نشانہ بنایا۔ اسی طرح اسرائیل کی جانب سے شام میں حمص کے دیہی علاقے میں ٹھکانوں پر بھی بم باری کی گئی۔