قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں دو فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے لیے مکانات کے نقشے اور دیگر تفصیلات جمع کی ہیں۔ یہ دونوں مکانات ان فلسطینیوں کی ملکیت ہیں جن پر بیت لحم میں گذشتہ ہفتے ایک اسرائیلی فوجی کے اغواء کے بعد قتل کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے یہودی فوجی ڈویر سوریک کے قاتلوں کے مکانات کی مسماری کی جائزہ رپورٹ تیار کی ہے۔ ان مکانات کی فوری مسماری کی تیاری کی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمال مغربی الخلیل میں بیت کاحل کے مقام پر اسرائیلی فوجیون نے دو گھروں کی جائزہ رپورٹ، اس کی تصاویر اور دیگر تفصیلات جمع کیں۔ یہ دونوں مکانات 30 سالہ قاسم عصافرہ اور 24 سالہ نصری عصافرہ کےہیں۔ انہیں چند روز قبل حراست میں لیا گیا تھا اور ان پر ایک اسرائیلی فوجی کے قتل کا الزام عاید کیا گیا ہے۔