قابض صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی کے علاقے میں بمباری کر کے تین فلسطینی شہید اور ایک زخمی کر دیا۔ شہداء کو مقامی قبرستاںوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں زراعی اراضی پر بمباری کی جس کے نتیجے میں وہاں پر موجود تین فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ہونے والے تین فلسطینیوں کے جسد خاکی شمالی غزہ میں انڈونیشی اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔
ان کی شناخت 24 سالہ محمود عاد الولایدہ، 27 سالہ محمد فرید ابو ناموس اور 26 سالہ محمد سمیر الترامسی کے ناموں سے کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تین فلسطینیوں کو غزہ کی سرحدی باڑی کے قریب دیکھ کر ان پر ٹینکوں اور جنگی ہیلی کاپٹروں سے گولہ باری کی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی ہیلی کاپٹر کی مدد سے رات کے وقت بیت لاھیا میں بمباری کی گئی۔ بمباری سے قبل علاقے میں رات کو روشنی چھوڑنے والے گولے چھوڑے گئے۔
اسرائیلی فوج نے اسے فلسطینیوں کی سرحدی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔