قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کےدوران 10 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کےروز اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں چھاپوں کے دوران 10 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار فلسطینیوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور القدس سے 8 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں بعض فلسطینی اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں پہلے بھی ماخوذ تھے۔
غرب اردن میں چھاپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے بیت لحم کی وادی شاہدین سے معتز عطیہ تعامرہ کو حراست میں لے لیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اریحا شہر میں چھاپوں کے دوران اسماعیل اعمر، محمود شحادہ اور رام اللہ میں سلواد کے مقام سے محمد عزام زغلول حامد کو حراست میں لیا گیا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے چھاپوں کے دوران شہید عاطف عبیات کے بھائی کو حراست میں لے لیا۔