لبنان پر اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کے حملوں کے بعد لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے صہیونی ریاست کو سبق سکھانے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حزب اللہ کے ایک سینیر عہدیدار اور تنظیم کے شعبہ اطلاعات کے انچارج محمد عفیف نے کہا ہے کہ لبنان پرحملہ کرکے اسرائیل نے حماقت کی ہےاور اپنی تباہی کو دعوت دی ہے۔ حزب اللہ اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔
خیال رہے کہ کل اتوار کو جنوبی بیروت میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے متعدد اہداف پربمباری کی تھی۔ اسرائیل کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بمباری میں حزب اللہ اور ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
عفیف نے بتایا کہ اسرائیل نے دو خود کش بمبار ڈرون طیاروں کی مدد سے بمباری کی تھی۔ ایک ڈرون ویران علاقے میں گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا جب کہ دوسرا بمبار ڈرون جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے مرکز پرگرایا گیا۔
حزب اللہ عہدیدار نے کہا کہ بیروت کے قریب اسرائیلی بمباری حقیقی ‘دھماکے’ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے پڑوسی ملکوں کو ڈرانے دھمکانے کا دور گذر چکا۔ حزب اللہ اب پہلی جیسی نہیں۔ ہم دشمن کی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حزب اللہ مناسب وقت پر صہیونی دشمن کی جارحیت کا جواب دے گی۔