فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے عرب ملکوں شام، لبنان اور عراق پر اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے صہیونی ریاست کی جارحیت کا شکار عرب ممالک کو اپنے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ شام میں اسرائیلی ریاست کے جنگی طیاروں کی بمباری قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ عرب ممالک پراسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پورے خطے میں کشیدگی کی ایک نئی لہر اٹھے گی۔
اسلامی جہاد کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شام میں اسرائیلی فوج کی بمباری وحشیانہ کارروائی ہے۔ شام کو اپنے خلاف اسرائیلی ریاست کی جارحیت کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے شام اور لبنان پرفضائی حملے کیے گئے۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دونوں عرب ملکوں میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائوں کے مراکز اور اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنایا ہے تاہم ایران نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔