لبنان کے صدر العماد میشل عون نے کہا ہے کہ ‘اسرائیل بین الاقوامی معاہدوں اور عالمی قوانین کی پامالی کا مرتکب ہو کر نیا اسٹیٹس کو مسلط کرنے کی سازش کر رہا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایک بیان میں لبنانی صدر کا کہنا تھا کہ القدس تمام آسمانی مذاہب کا مرکز ہے۔ اسے اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینا بین الاقوامی قوانین کو پامال کرنا اور بین الاقوامی معاہدون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری، توسیع پسندی اور فلسطینی علاقوں پر ناجائز تسلط صہیونی ریاست کی عالمی معاہدوں سے بغاوت کا کھلا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی ریاست نے عرب علاقوں پر ناجائز قبضے اور توسیع پسندی کے منصوبوں کو نام نہاد انتخابی نعروں اور انتخابات جیتنے کا ایک وسیلہ بنا رکھا ہے۔