اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے تاہم بزدل صہیونی دشمن اپنا نقصان چھپا رہا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسلامی جہاد کے ترجمان ابو حمزہ نے کہا کہ صہیونی دشمن ریاست نے فلسطینیوں کے میزائل حملوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی ہے۔ اسرائیل فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں سے ہونے والے نقصان کو اس لیے چھپا رہا ہے تاکہ یہودی آباد کاروں میں مایوسی نہ پھیلے اور وہ مزید خوف کا شکار نہ ہوں۔
ابو حمزہ کا کہنا تھا کہ ہمارے میزائلوں نے اسرائیلی ریاست کے قلب کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ اگر ان حملوں کے نتائج سامنے آجائیں تو نیتن یاھو عوام میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔
خیال رہے کہ منگل کی صبح سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں اب تک24 فلسطینی شہید اور ایک سو کے قریب زخمی ہوچکے ہیں جب کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے راکٹ حملوں سے ہونے والے نقصان کے بارے میں کسی قسم تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ غزہ سے سیکڑوں کی تعداد میں میزائل اور راکٹ اسرائیل پر داغے گئے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے فلسطینیوں کے میزائلوں کی بڑی تعداد آئرن ڈون دفاعی سسٹم کے ذریعے فضاء ہی میں تباہ کردی تھی۔