پنج شنبه 01/می/2025

اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 6 طلباءشہید، 15 اسکول تباہ

ہفتہ 16-نومبر-2019

فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق منگل سے جمعرات تک غزہ کی پٹی کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی مسلسل اور بے رحمانہ بمباری کے نتیجے میں 6 طلباء شہید اور 15 اسکول تباہ ہوئےہیں۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج کی طرف سے غزہ کی پٹی میں اسکولوں کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنایا۔ قابض فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں کم سے کم 6 طلباء شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں شمالی غزہ کے بوائز ہائی اسکول عثمان بن عفان کے اسماعیل عبدالعال، مشرقی غزہ کے محمد عطیہ، الزیتون اسکول کے امیر عیاد، مہند رسمی السوارکہ، عبداللہ بن روحہ اسکول کے معاذ محمد السوارکہ اور وسیم محمد السوارکہ شامل ہیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بے رحمانہ بم باری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 15 اسکول تباہ ہوگئے جب کہ کئی دیگر اسکولوں کو جزوی طور پرنقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی طرف سے منگل سے جمعرات تک کیے گئے فضائی اور زمینی حملوں کے نتیجے میں تین درجن فلسطینی شہید اور ایک سو سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔ بمباری کے نتیجے میں 240 سے زاید عمارتیں اور مکانات تباہ ہوئے جب کہ بنیادی ڈھانچے کو نصف ملین ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی