فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی علاقے رام اللہ میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی جارحیت کے خلاف نکالی گئی ریلی پر قابض فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ شہری زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز بیرزیت یونیورسٹی کے طلباء نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے خلاف ایک ریلی نکالی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں شہریوں اور طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں طلباء سمیت 6 شہری زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر تین روز تک وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں تین درجن فلسطینی شہید اور ایک سوسے زاید زخمی ہو گئے تھے۔
بیرزیت یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام میں ملوث صہیونی مجرم ریاست کے خلاف عالمی سطح پر پابندیاں عاید کرنے اور جنگی جرائم میں ملوث اسرائیلی فوجیوں اور سیاست دانوں کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمات چلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔