مصر نے پہلی بار فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کو اپنی سرزمین پر سیاسی شعبے کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔
ادھر کل منگل کے روز اسلامی جہاد کے سیاسی شعبے کے سربراہ زیاد النخالہ اور اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نےقاہرہ میں ملاقات کی۔
اسلامی جہاد کے باخبر ذریعے کا کہنا ہے کہ مصر نے جماعت کو سیاسی شعبے کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب قاہرہ کی طرف سے اسلامی جہاد کو اس نوعیت کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
قاہرہ میں ہونے والے اجلاس میں اسلامی جہاد کی اندرون اور بیرون ملک مقیم قیادت شرکت کرے گی۔
گذشتہ روز حماس اور اسلامی جہاد کے وفود کا اجلاس ہوا جس میں دونوں جماعتوں کی صف اول کی قیادت نے شرکت کی۔
دونوں جماعتوں کی اندرون اور بیرون ملک موجود قیادت سوموار کے روز قاہرہ پہنچی تھی۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ حماس اور اسلامی جہاد کے وفود کے دورہ مصر کا مقصد فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کا عمل آگے بڑھانا اور اسرائیل کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنا ہے۔