اسرائیل کی حکمراں جماعت ‘لیکوڈ’ 26 دسمبر 2019ء کو نئے سربراہ کا انتخاب کرے گی۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیتن یاھو کی پارٹی صدارت کی مدت 26 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد جماعت کے نئے صدر کا چنائو کیا جائے گا۔
عبرانی میڈیا کے مطابق حال ہی میں لیکوڈ کے اجلاس میں پارٹی قیادت کے چنائو کے لیے 26 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
عبرانی ویب سائیٹ ‘واللا’ کے مطابق پارٹی قیادت کے لیے نیتن یاھو ایک بار پھر امیدوار ہیں جب کہ ان کا مقابلہ گیدعون ساعر کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مزید لیڈر بھی پارٹی قیادت کی دوڑ میں شامل ہوسکتےہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی حکمراں جماعت ‘لیکوڈ’ ایک ایسے وقت میں اپنے نئے سربراہ کا چنائو کر رہی ہے جب اسرائیل بدترین سیاسی بحران سے گذر رہا ہے۔ اسرائیل میں ایک سال سے بھی کم عرصے میں تیسری بار کنیسٹ (پارلیمنٹ) کے انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ مسلسل تیسری کوشش ہے کہ نیتن یاھو اور اس کی جماعت حکومت کی تشکیل میں بری طرح ناکام ہے۔