اسرائیلی جیل میں چار سال تک قید رہنے والی فلسطینی دو شیزہ منار شویکی کو گذشتہ روز رہا کردیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 19 سالہ الشویکی کو چار سال قبل اسرائیلی فوج نے بیت المقدس سے حراست میں لیا اور اسے چھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا میں تخفیف کرنے اور دو تہائی قید کی سزا ختم ہونے کے بعد اسیرہ الشویکی کو اسرائیل کی مرکزی عدالت کے حکم پر رہا کیاگیا۔
خیال رہے کہ منارہ شویکی کو اسرائیلی فوج نے 2015ء کو حراست میں لیا اور اس پر اسرائیل مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پاداش میں چھ سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس کے بعد اسے دامون جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی زندان میں 41 فلسطینی خواتین پابند سلاسل ہیں جب کہ مجموعی طور پر ساڑھے چھ ہزار فلسطینیوں کو تحریک آزادی میں حصہ لینے کی پاداش میں گرفتارکیا گیا ہے۔