اسرائیلی ریاست کی جیل میں قید بزرگ فلسطینی رہ نما اور اسلامی تحریک کے امیر الشیخ راید صلاح کی حمایت میں جاری مہم کو عالمی اور اسلامی سطح پر غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری’کلنا راید صلاح’ (ہم سب راید صلاح ہیں( کے عنوان سے جاری مہم کو ترکی اور کئی دوسرے ممالک کے شہریوں ، اداروں اور تنظیموں کی طرف سے بھی بھرپور حمایت کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
استنبول میں ترکی کی انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی مختلف تنظیموںنے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں الشیخ راید صلاح کی نصرت کا اعلان کیا۔ انہوںنے متفقہ طورپر الشیخ راید صلاح کی صہیونی زندان میں قید کیے جانے کی مذمت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ الشیخ راید صلاح کے خلاف ایک جعلی کیس کا فیصلہ آئندہ سوموار کو اسرائیل کی مجسٹریٹ عدالت کی طرف سے سنایا جائے گا۔
ان کے وکیل خالد زبارقہ کا کہنا ہے کہ الشیخ راید صلاح کا کیس کسی فرد واحد کا مقدمہ نہیں بلکہ یہ تمام عرب اقوام، ترکوں، مسلمانان عالم اور زندہ ضمیرانسانوں کامقدمہ ہے۔