اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے القدس سے منتخب رکن پارلیمنٹ ‘احمد عطون’ نے کہا ہے کہ فلسطین میں شروع ہونے والی ‘فجرعظیم’ مہم پوری دنیا میں پھیلائی جائے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق احمد عطون نے ایک بیان میں کہا کہ فجر عظیم مہم نہ صرف فلسطین میں بیداری کا ذریعہ بنے گی بلکہ یہ مسلم امہ کی بیداری کا بھی باعث ثابت ہوگی۔
فلسطینی رکن پارلیمنٹ احمد عطون کا کہنا تھا کہ فجر عظیم مہم کی برکات اور ثمرات پوری دنیا پر دکھائی دے رہےہیں۔ یہ مہم مستقبل قریب میں مسلم امہ کی کامیابی، بیداری اور القدس اور الاقصیٰ کی عالمی نصرت کی علامت ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فجر عظیم مہم ایک چیلنج تھا جس کا آغاز فلسطین کی مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی سے ہوا۔ جلد ہی یہ مہم پوری دنیا میں پھیل جائے گی۔ آج یہ مہم غزہ، غرب اردن، شمالی اور جنوبی فلسطین کے بعد کئی عرب اور مسلمان ممالک میں پھیل چکی ہے۔
خیال رہے کہ تین ماہ قبل فلسطین کی مساجد میں ‘فجر عظیم’ مہم کا آغاز ہوا تھا۔اس مہم کا مقصد بالخصوص مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی بالعموم تمام فلسطینی مساجد میں فجر اور دیگر نمازوں میں نمازیوں کی حاضری کو یقینی بنانا تھا۔