اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی اور شام کے دارالحکومت دمشق میں اسلامی جہاد کے مراکز پر بمباری کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے بتایا کہ فوج نے دمشق میں اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے اسلحہ سازی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا تاہم اسلامی جہاد نے ان حملوں کی تردید کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ گذشتہ شب دمشق اور غزہ میں اسلامی جہاد کے درجنوں مراکز پر بمباری کی گئی۔
دوسری طرف اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ شب غزہ اور دمشق میں تنظیم کے مراکز پر بمباری سے متعلق اسرائیلی فوجی ترجمان کے بیان اور ذرائع ابلاغ میں آنے والی تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام صہیونی دشمن کے منفی اور مکروہ پروپیگنڈے کا یقین نہ کریں۔
ادھر اتوار کی شام اسرائیلی فوج نے غزہ میں متعدد مقامات پر فضائی حملے کیے۔ یہ حملے فلسطینیوں کی طرف سے یہودی کالونیوں پر راکٹ حملوں کے بعد کیے گئے تھے۔ قبل ازیں اتوار کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں اسلامی جہاد کےایک کمانڈر کو شہید کرنے کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی کی تھی جس پر اسلامی جہاد نے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔