اسرائیلی قابض فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل اویو کوچاوی نے فوج کی صفوں میں "کرونا” وائرس کے پھیلنے کے خطرات کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری اسرائیلی نشریاتی ادارے’ کے اے این’ کے مطابق جنرل کوچاوی نے صورتحال کی جانچ تک فوجیوں کے بیرون ملک پروگرامات منسوخ کردیے ہیں اور فوجیوں کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ لازمی یا مستقل سروس میں کام کرنے والے فوجیوں کے علاوہ ریزرو فوج کے اہلکاروں کو بھی بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے بھی ایک بیان میں آرمی چیف کے اس اقدام سے اتفاق کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ فوج کو کرونا سے بچانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ جب تک کرونا کا خطرہ موجود ہے اس وقت تک اسرائیلی فوج بیرون ملک کسی مشن میں حصہ نہیں لے گی اور نہ مشقوں میں حصہ لے گی۔