چهارشنبه 30/آوریل/2025

سعودی عرب کے سابق ولی عہد سمیت کئی شہزادے گرفتار

ہفتہ 7-مارچ-2020

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اقتدار پراپنی گرفت مضبوط بنانے کے لیےسابق ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف اور شاہ سلمان کے بھائی احمد بن عبدالعزیز کو گرفتار کرانے کے بعد انہیں جیل میں ڈال دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پر’غداری’ جیسےسنگین الزام میں مقدمہ چلا کر انہیں سزائے موت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

امریکی اخبار’ وال اسٹریٹ جرنل’ نے سعودی عرب کے شاہی خاندان کے ایک مصدقہ ذریعے بتایا کہ سیاہ کپڑوں میں ملبوس شاہی گارڈ نے شاہ سلمان کے بھائی احمد بن عبدالعزیز اور شاہ سلمان کے بھتیجے محمد بن نایف بن عبدالعزیز کو ان کے گھروں سے اٹھا کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ شاہی دربار کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ محمد بن نایف کے ایک بھائی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ان شخصیات کی گرفتاری سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے حکم پرعمل میں لائی گئی ہے۔ وہ ان دونوں کو اپنے اقتدار کے لیے خطرہ سمجھتے تھے اور ان کی گرفتاری کا حکم انہوں نے ہی دیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ڈرامائی انداز میں اقتدار حاصل کرنے اور ولی عہد کی کرسی تک پہنچنے کےبعد شاہی خاندان کی سیکڑوں اہم شخصیات کے خلاف کرپشن کے الزامات میں کارروائی کی تھی۔ اس وقت بھی سعودی عرب کی جیلوں میں کئی اہم اور سرکردہ شاہی شخصیات قید ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی