عرب لیگ نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل پرفلسطینی قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے دبائو ڈالیں۔ عرب لیگ نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ نئے کرونا وائرس کے نتیجے میں اسرائیلی عقوبت خانوں میں غیرانسانی ماحول میں قید ہزاروں فلسطینیوں کی زندگیوں کوخطرہ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کو کرونا کی وباء سے خطرہ ہے۔اس وباء سے قیدیوں کو بچانے کے لیے ان کی رہائی کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔
خیال ہے کہ عرب لیگ کی طرف سے یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب دوسری طرف اسرائیلی جیلوں میں قید چار فلسطینیوں کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ وائرس انہیں ایک اسرائیلی تفیش کار کے ذریعے لگا ہے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معان برائے فلسطینی امور سعید ابو علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی قیدیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ان کی اسرائیلی جیلوں سے رہائی انسانی حقوق اور بنیادی قوانین کا تقاضا ہے۔ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے زیرحراست تمام فلسطینی قیدیوں کو فورا رہا کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں چھ ہزار سے زاید فلسطینی قید ہیں۔ ان میں 50 خواتین، 350 بچے اور سیکڑوں انتظامی قیدی ہیں۔ ڈیڑھ ہزار کے قریب فلسطینی قیدی مختلف امراض کا شکار ہیں۔