فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں کرونا وائرس کے شبے میں قرنطینہ کیے گئے فلسطینیوں میں سے 632 کو کرونا سے محفوظ قرار دینے کے بعد انہیں گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ غزہ میں قرنطینہ مراکز میں مہمان بنائے گئے 632 فلسطینیوں کے کرونا میں سے محفوظ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ قرنطینہ کے 21 دن کا عرصہ پورا ہونے کے بعد انہیں گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ ان میں سے بیشتر فلسطینی خان یونس کے علاقے جیزان النجار سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان تمام افراد کو کل سوموار کی شام قرنطینہ مراکز سے گھروں کو بھیج دیا گیا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 12 بتائی جاتی ہے۔ دوسری طرف غزہ میں انتظامیہ نے لاک ڈائون نہیں کیا مگر شہریوں کو مساجد میں با جماعت نماز کی ادائی اور جمعہ سے روک دیا ہے۔
ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات پرعمل درآمد یقینی بنائیں۔ ماسک کا ستعمال کریں اور سماجی دوری کے اصول پر سختی سے عمل درآمد کریں۔