جمعه 15/نوامبر/2024

ایران کا کرونا کی ویکسین تیار کرنےکا دعویٰ

بدھ 8-اپریل-2020

اسلامی جمہوریہ ایران نے کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر اعلیٰ علی اکبر ولایتی نے ایک بیان میں کہا کہ تہران نے کرونا وباء کے علاج اور اس کی آئندہ کے لیے روک تھام کی ویکسین تیار کرلی ہے۔ ایران میں یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیاگیا ہے جب دوسری طرف ملک کرونا کی سخت لپیٹ میں ہے اور اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور بیمار ہوچکے ہیں۔

ایران کی "النا”نیوز ایجنسی کے مطابق یہ ویکسین ایران کی بہشتی میڈیکل یونیورسٹی میں فارمیسی کی فیکلٹی کی طرف سے تیار کی گئی ہے۔ اس ویکسین کی تیاری میں مسیح دانشوری اسپتال کے ڈاکٹروں اور سائنسدانوں نے بھی مدد فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو کرونا کی وباء سے بچانے کے لیے حکومت تمام تر وسائل اور قابلیت کو استعمال کررہی ہے۔

ادھر ایرانی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3739 ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 60500 افراد تک پہنچ گئی ہے۔

علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ مسیح دانشوری اسپتال اپنے تمام طبی عملے اور اس سے وابستہ افراد کے ساتھ  کرونا سے لڑنے کے لیے فرنٹ لائن پر رہا ہے۔ اس اسپتال نے ایک طرف کرونا کے مریضوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے اورع دوسری طرف ویکسین کی تیاری میں بھی اسپتال کے ڈاکٹروں نے کلیدی اور نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم جلد ہی کرونا پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے مسیح دانشوری اسپتال کے عملے کی تعریف اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

مختصر لنک:

کاپی