فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی جیل میں صہیونی جیلروں کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں فوت ہونے والے فلسطینی نوجوان نور الدین البرغوثی کی وفات کے اسباب کے تعین کے لیے اس کے جسد خاکی کا پوسٹ مارٹم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کے ترجمان حسن عبد ربہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ شہید نور الدین البرغوثی کے نعش کا پوسٹ مارٹم ایک سینیر فلسطینی ڈاکٹر کی موجودگی میں ابو کبیر اسپتال میں ہوگا۔ اس موقعے پر فلسطینی امور اسیران کا ایک نمائندہ بھی موجود ہوگا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکام نے پانچ فلسطینی شہیدوں انیس دولہ، عزیز عویسات، فارس بارود، نصار طقاطقہ اور بسام السائح کے جسد خاکے قبضے میں لے رکھے ہیں۔
نور الدین البرغوثی گذشتہ منگل کو اسرائیل کی جزیرہ نما النقب جیل میں اچانک بے ہوش ہوکرگر پڑا اور دم توڑ گیا تھا۔ وہ چار سال سے جیل میں قید تھا اور اسے آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔