اردن میں قائم فلسطینی اتھارٹی کے سفارت خانے کی طرف سےجاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن میں 2000 فلسطینی وطن واپسی کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں جلد ہی غرب اردن اور دوسرے فلسطینی علاقوں میں پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
فلسطینی سفارت خانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کے حکام میں اردنی وزارت خارجہ کے ساتھ رابطہ کیا ہے تاکہ اردن میں پھنسے دو ہزار فلسطینیوں کی بہ حفاظت وطن واپسی کو یقینی بنایا جاسکے۔
سفارت خانے کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے 500 فلسطینیوں کو اردن سے فلسطین پہنچایا جائے گا۔ سفارت خانے کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے موجودہ بحرانی حالات میں اردن میں پھنسے فلسطینیوں کو صرف سفری دستاویزات ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اپنے ساتھ کسی قسم کا سامان نہیں لاسکیں گے۔
سفارت خانے کا کہنا تھا کہ اردن میں پھنسے فلسطینیوں کی واپسی پہلی ترجیح ہے اور ہم فلسطینی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے انتظامات کررہے ہیں۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اردن میں 350 فلسطینی طلباء سمیت 2000 فلسطینی پھنسے ہوئے ہیں۔