اسلامی جمہوریہ ایران میں کرونا کی وبا کے نتیجے میں اتوار کے روز مزید 47 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ملک میں اب تک کرونا سے مجموعی ہلاکتیں 6203 ہوگئی ہیں۔
ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جھانپور نے بتایا کہ ایران میں کرونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 97 ہزار 424 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز مزید 976 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
کرونا سے ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 47 مریض ہلاک ہوگئے جس کےبعد ہلاکتوں کی تعداد 6203 ہوگئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران میں 2690 کرونا مریضوں کی حالت خطرے میں ہے۔ اب تک 78 ہزار 422 مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو جا چکےہیں۔
خیال رہے کہ ایران میں کرونا کا پہلا مریض 19 فروری کو سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد یہ مرض تیزی کے ساتھ پورے ملک میں پھیل گیا۔
اس وقت پوری دنیا میں کرونا سے 35 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 2 لاکھ 35ہزار مریض ہلاک ہوچکےہیں۔ ایک لاکھ 28 ہزار مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔