یوروپی یونین میں سلامتی اور خارجہ پالیسی کے سینیر مندوب جوزف بوریل نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے اعلان پرعمل درآمد روکنے لیے عالمی برادری کو تل ابیب پر دبائو ڈالنا چاہیے۔
بورریل نے گذشتہ روز یورپی یونین کے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میںکہا کہ یوروپی یونین اپنے تمام سفارتی ذرائع استعمال کرے گا اور اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر قبضے اور خود مختاری کے قیام سے روکنے کی پوری کوشش کرے گی۔ اس حوالے سے یورپی یونین عرب ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
انہوںنے کہا کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری صہیونی ریاست کا یک طرفہ اقدام تصور کیا جائے گا۔
اپنی ویڈیو کانفرنس میں ، یوروپی یونین کے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطی میں تنازعہ کا حل تلاش کرنے کے لیے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں اسرائیل کی نئی حکومت کی طرف سے غرب اردن پر اسرائیل کی خود مختاری کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
بوریل نے کہا اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کا احترام کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے حوالے سے عالمی قراردادوںپرعمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔