گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں ایک یہودی شرپسند نے 17 سالہ فلسطینی لڑکے محمد النتشہ کو چاقو کا وار کرکے زخمی کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ القدس میں المصرارۃ کالونی میں پیش آیا۔ مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ یہودی آباد کار نے سترہ سالہ فلسطینی لڑکے پر چاقو کے وار کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ زخمی لڑکے کو شاہراہ صلاح الدین پر واقع ایک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ محمد النتشہ اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کے قریب تشدد کا نشانہ بن چکے ہیں۔
القدس میں تقریبا پانچ لاکھ یہودی بیرون ملک سے لاکر بسائے گئے ہیں۔ ان میں نصف تعداد مشرقی بیت المقدس میں ہے جو 15 یہودی کالونیوں میں قیام پذیر ہیں۔ یہ یہودی شرپسند فلسطینیوں کی جان ومال کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔