اسلامی جہاد نے باور کرایا ہے کہ اسرائیلی دشمن کے ہاتھوں غصب کیے گئے حقوق کے حصول کا اہم ترین ذریعہ مسلح مزاحمت ہے اور فلسطینی مزاحمتی قوتیں اس میں کامیاب اور دشمن اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوگا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے رہ نما اور جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن یوسف الحساینہ نےجنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے20 سال پورے ہونے کی مناسبت سے جاری بیان میں کہا کہ مزاحمتی پروگرام سلب شدہ حقوق کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارض فلسطین پرصہیونی ریاست کے ناجائز تسلط کے خاتمے کا واحد ذریعہ مسلح مزاحمت ہے۔ فلسطینی اور دیگر اقوام کو اپنی مزاحمتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا اور تمام محاذوں پر مزاحمت کی تیاری کرنا ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سنہ 2000ء میں اسرائیلی فوج نے لبنان سے ذلت آمیز شکست کھائی اور یہ سب مزاحمت کا ثمر تھا۔
خیال رہے کہ 25 مارچ 2000ء کو اسرائیلی فوج نےلبنانی مزاحمتی قوتوں کی مسلسل مزاحمت کے بعد جنوبی لبنان کو خالی کردیا تھا۔ اسرائیل نے سنہ 1978 ء میں جنوبی لبنان کی وادی بقاع پرقبضہ کرلیا تھا۔