اسرائیلی وزیر خارجہ گیبی اشکنزئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی حکومت غرب اردن اور وادی اردن سمیت دیگر فلسطینی علاقوں پر اپنی مکمل خود مختاری کےقیام پر تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جلد ہی غرب اردن پر اسرائیلی خود مختاری کا اعلان کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ نے اپنے جرمن ہم منصب ھائکوماس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سنچری ڈیل منصوبہ پڑوسی ممالک اور امریکا کے تعاون کےساتھ جلد نافذ کیا جائے گا۔
دوسری طرف جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ برلن اور یورپی یونین فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کو مسترد کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غرب اردن کے علاقوں پر اسرائیلی خود مختاری عالمی قوانین اور بین الاقوامی قراردادوں کے منافی ہے۔ اس اقدام سے دو ریاستی حل کے فارمولے کو شدید نقصان پہنچے گا۔