فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے بیرون ملک پھنسے طلبا کی وطن واپسی کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہ کیے جانے پر رام اللہ اتھارٹی کے عہدیداروں بالخصوص وزیرخارجہ ریاض المالکی کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنس جانے والے فلسطینی طلبا نے سوشل میڈیا پر "رجعونا بیوتنا” (ہمیں ہمارے گھروں کو واپس بھیجا جائے) کے عنوان سے مہم شروع کی ہے۔ اس مہم میں حصہ لینے والے فلسطینی طلبا نے وطن واپسی کے حوالے سے اقدامات نہ کرنے پر رام اللہ اتھارٹی کے وزیرخارجہ ریاض الماکی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر 10 جون 2020ء سے ایک مہم جاری ہے جس میں شرکت کرنے والے طلبا اور شہریوں کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی ان کی وطن واپسی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
مہم میں وزیرخارجہ ریاض المالکی سے کہا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک پھنسے شہریوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرنے میں ناکامی پر استعفیٰ دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ملک پھنسے طلبا اور دوسرے شہریوں کی واپسی میں کوتاہی برتنے والے تمام عہدیداروں کو برطرف کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
خیال رہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے دوسرے ممالک میں زیرتعلیم ہزاروں فلسطینی طلبا سنگین مشکلات سے دوچار ہیں۔ فضائی سروسز کی بندش کے نتیجے میں طلبا کی واپسی مسلسل ملتوی ہو رہی ہے۔