اردن نے ایک بار پھراسرائیل کو خبر دار کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں پراپنی خود مختاری کے قیام سے باز رہے ورنہ اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں امن کی تمام کوششیں تباہ ہوجائیں گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن کے بعض علاقوں پر اسرائیلی خود مختاری کا منصوبہ امن عمل کی بنیادوں کو ختم کردے گا۔
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں ایمن الصفدی کا کہنا تھا کہ عمان حکومت غرب اردن پر اسرائیلی خود مختاری کے قیام کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل کا استعمال کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اردن اور بعض دوسرے ممالک مل کر امن کےحصول کے لیے حقیقی مذاکرات کی فضا ہموار کرنے کی کوشش کرے گی۔ تاکہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ اس کے پڑوس میں ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی مملکت قائم کی جاسکے۔
اردن نے تمام فلسطینی قوتوں پراپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور عالم اسلام اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے متفقہ موقف اور لائحہ عمل اختیار کریں۔