اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے اسرائیل سے الحاق کے فیصلے پرعمل درآمد میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
عبرانی ٹی وی چینل 12 کے مطابق غرب اردن میں قائم یہودی کالونیوں اور وادی اردن پر اسرائیل کی مکمل خود مختاری کےقیام میں کئی ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق مسلح افواج کے افسران نے وزیر دفاع بینی گینٹز سے ملاقات کی اور غرب اردن اور وادی اردن پر اسرائیلی خود مختاری کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقعے پر صہیونی فوجی افسران نے کہا کہ غرب اردن اور وادی اردن کے الحاق کے منصوبے پر عمل درآمد میں وقت لگ سکتا ہے۔
فوجی افسران کا کہنا تھا کہ الحاق کے منصوبے پر فوج اور حکومت مل کرکام کرے گی اور مسلح افواج اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نےغرب اردن اور وادی اردن کے علاقوں کو صہیونی ریاست میں ضم کرنے کا پروگرام بنایا ہے اور اس پروگرام پر یکم جولائی سے عمل درآمد کا اعلان کیا گیا ہے۔