گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں کےدوران متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوگئے جب کہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے بیت المقدس میں العیزریہ اور ابو دیس کےمقامات پر فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھر گھر تلاشی کی آڑ میں لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کی۔ مسجد اقصیٰ کے قریب جب المکبر میں ایک کارروائی کے دوران ایک بچے سمیت متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی چھاپہ مار کارروائیوں کے خلاف فلسطینی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا۔ جبل المکبر کے مقام پر تلاشی کی کارروائی کےدوران ایک 17 سالہ فلسطینی لڑکے عیسیٰ ابو سکران کواس کےگھر سے گرفتار کرلیا گیا۔