اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اپنی خود مختاری کے منصوبے کے اعلان کے بعد یورپی ممالک اور عالمی برادری کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی یونین کے ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار ارکان پارلیمنٹ سمیت ہزاروں یورپی شخصیات نے ایک پٹیشن پر دستخط کے ہیں جس میں کہا گیاہے کہ وہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کو قبول نہیں کریں گے۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے ، وادی اردن اور مقبوضہ فلسطین کے دوسرے علاقوں پر اسرائیل کا اپنی خود مختاری قائم کرنے کا اعلان عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
یہ پیٹیشن ایک مکتوب کی شکل میں اقوام متحدہ کو ارسال کی گئی ہے جس پر240 برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے دستخط کیے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق مکتوب میں غرب اردن پر اسرائیلی خود مختاری کے اعلانات کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے اس پر یورپی حکومتوں اور اقوام متحدہ سے ٹھوس موقف اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔