چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے چودہ فلسطینی دھڑوں کی جانب سے جنگ کے بعد غزہ میں ’عبوری قومی مفاہمتی حکومت‘ کے قیام کے معاہدے کو سراہا ہے۔
حماس اور الفتح سمیت فلسطینی دھڑوں کی رواں ہفتے بیجنگ میں ملاقات مصالحت کی ایک نئی کوشش ہے۔ منگل کو ملاقات ختم ہونے نے بعد چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ گروپوں نے ’مفاہمت‘ کا عہد کیا ہے۔
چین کے دارالحکومت میں فلسطینی دھڑوں کی جانب سے ’بیجنگ اعلامیے‘ پر دستخط کرنے کے بعد وانگ یی نے کہا کہ ’اس معاہدے میں سب سے نمایاں بات جنگ کے بعد غزہ میں عبوری قومی مفاہمتی حکومت کی تشکیل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ مفاہمت کا یہ فیصلہ فلسطینی دھڑوں کا اندرونی معاملہ ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بین الاقوامی برادری کی حمایت کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا تھا۔
چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔