قابض صہیونی حکام کی طرف سے کرونا وائرس کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی کے باوجود ہزاروں فلسطینیوں نے عید الاضحیٰ کی نماز مسجد اقصیٰ میں ادا کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت اوقاف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریبا 27 ہزار فلسطینیوں نے عید الاضحیٰ کی نماز کے لیے مسجد اقصیٰ میں حاضری دی۔
عید کی نماز کی امامت کے فرائض مفتی اعظم القدس و دیار فلسطین، فلسطینی افتا کونسل کےچیئرمین اور مسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ محمد حسین نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنے خطبہ میں کہا کہ مسجد اقصیٰ صرف اور صرف مسلمانوں کی ہے۔ اس کی ملکیت میں کوئی ظالم شریک نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ غاصب صہیونیوں کی غلط فہمی ہے کہ صہیونی وہ اپنی مجرمانہ بدمعاشی کے ذریعے مسجد اقصیٰ پر اپنا ناجائز تسلط جما لیں گے مگر دشمن کی یہ سوچ اور اس کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے فلسطینیوں پر اپنی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔