چهارشنبه 30/آوریل/2025

امارات کے بعد سوڈان نے بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا عندیہ دے دیا

جمعرات 20-اگست-2020

متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدے کے بعد سے روز ایک نئی پیش رفت سامنے آرہی ہے اور اب میڈیا میں سوڈان کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے سے متعلق پس پردہ سرگرمیوں کی خبریں منظرعام پر آرہی ہیں۔
سوڈان کی وزارت خارجہ کے ترجمان حیدر بداوی الصادق نے منگل کے روز اپنے ملک کے اسرائیل ساتھ روابط سے انکار نہیں کیا ہے اور بہ الفاظ دیگر یہ کہا ہے کہ دونوں ملکوں میں یہ روابط موجود ہیں۔

ان سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ کیا اسرائیل اور سوڈان کے درمیان براہِ راست روابط موجود ہیں۔انھوں نے اس کے جواب میں کہا کہ ’’ میں اس کا انکار نہیں کرسکتا‘‘۔

جب ترجمان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا سوڈان اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ طے کرنے یا معمول کے تعلقات استوار کرنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے کوئی اقدامات کررہا ہے؟ تو اس کے جواب میں بھی انھوں نے کہا کہ ’’ میں اس کی بھی تردید نہیں کرتا ہوں۔‘‘

سوڈان کے اب تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار نہیں ہیں۔اس کے باوجود اسی سال فروری میں سوڈان کی خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کی تھی۔

حیدر بداوی الصادق نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی کے لیے معاہدے کو دلیرانہ قدم قرار دیا ہے۔ یو اے ای سے سفارتی تعلقات کے بدلے میں اسرائیل نے غربِ اردن میں واقع اپنے زیر قبضہ وادیِ اردن اور بعض دوسرے علاقوں کو ریاست میں ضم کرنے کے منصوبے سے دستبردار ہونے سے اتفاق کیا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی