قابض صہیونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں صور باھر کے مقام پر ایک اور فلسطینی خاندان سے اس کا مکان زبردستی اسی کے ہاتھوں مسمار کردیا جس کے نتیجے میں گھر میں رہنے والے 5 بچوں اور 5 خواتین سمیت 15 افراد بےگھر ہوگئے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی پولیس نے بلدیہ کے حکام کے ہمراہ فلسطینی بلال دیش کے گھر پر چھاپہ مارا اور اسےاس کا مکان مسمار کرنے کا حکم دیا۔ اسے کہا گیا ہے کہ اپنے ہاتھوں سے مکان مسمار کرے ورنہ مکان مسماری پر اسے بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
بلال دیش نے جرمانے کے خوف سے خود ہی اپنا مکان مسمار کردیا۔ بلال نے بتایا کہ مکان مسماری کے نتیجے میں اس کے گھر کے 15 افراد جن میں پانچ بچے اور چھ خواتین شامل ہیں بے گھر ہوگئی ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں صہیونی حکام القدس میں 61 مکانات مسمار کرچکے ہیں ان میں سے 38 مکانات کو ان کے مالکان کے ہاتھوں زبردستی مسمار کرایا گیا۔