اسرائیل کے ساتھ معاہدے پر باقاعدہ دستخط کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے سرکاری وفود امریکا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج نام نہاد امن معاہدے پر دستخط کریں گے۔
کل شام کو بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی واشنگٹن پہنچے ۔ وہ آج منگل 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن سمجھوتے پر بھی دستخط ہوں گے۔ تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امارات کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان ، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی حکومت کے سینئر عہدے داران موجود ہوں گے۔
اس سے قبل اتوار کی شام اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچے تھے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بحرین، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مشترکہ بیان جاری ہوا تھا۔ بیان میں بتایا گیا تھا کہ بحرین اور اسرائیل کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات کے قیام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
بیان کے مطابق بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسی ، ڈونلڈ ٹرمپ اور بنیامین نیتن یاہو بحرین اور اسرائیل کے درمیان نارمل تعلقات استوار کرنے پر آمادہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ "یہ اقدام مشرق وسطی میں امن کو یقینی بنانے کی سمت ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ دو ترقی یافتہ معاشروں اور معیشتوں کے درمیان بات چیت اور براہ راست تعلقات کا مقصد مشرق وسطی میں مثبت تبدیلی لانا اور خطے میں امن و استحکام اور ترقی کو سپورٹ کرنا ہے”۔