قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس میں گھر گھر تلاشی کی کاررائیوں کے دوران مزید 29 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر فلسطینیوں اور قابض فوج کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں جن میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس میں آج جمعرات کے روز قابض فوج نے فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈائون کےدوران ان پر بدترین تشدد کیا اورطاقت کا استعمال کرتے ہوئے کئی فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔
غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں متعدد مقامات پر قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
قابض فوج نے شمال مغربی الخلیل میں صوریف قصبے میں فلسطینی شہریوں پر براہ راست گولیاں چلائیں اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 16 سالہ بچہ سینے میںگولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔
ادھر الخلیل شہر میں مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک لڑکے کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
قابض فوج اور فلسطینیوںکے درمیان الخلیل کے علاقوں بیت امر اور الظہر میں بھی تصادم ہوا جس میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
قابض فوج نے القدس اور غرب اردن میں تلاشی کے دوران فلسطینیوںکے گھروں میں گھس کر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور کم سے کم 29 کو حراست میں لے لیا۔ تلاشی کی کارروائیوں کے دورام قابض فوج نے گھروں میں گھس کر لوٹ مار اور توڑپھوڑ بھی کی۔