اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے سوڈان کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد خرطوم کے لیے 5 ملین ڈالر مالیت کے گندم کے آٹے کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے گذشتہ شام ایک بیان میں کہا کہ ہم سوڈان کے ساتھ امن کےقیام کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم اپنے دوستوں کو تمام شعبوں میں امداد فراہم کریں گے۔ سوڈان کے ساتھ تعلقات کے قیام کے بعد خرطوم کے لیے 5 ملین ڈالرمالیت کا آٹے کا تحفہ بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکا کی مدد سے سوڈان کے ساتھ امن معاہدوں کوآگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
ادھر اسرائیلی توانائی کے وزیر یووال اشٹائنٹز نے کہا ہے کہ سوڈان کے ساتھ امن معاہدہ بہت بڑی کامیابی اور خوشی ہے۔ ہم ایک عرصے سے سوڈان کے ساتھ تعلقات استوار کرنا چاہتے تھے اور اس حوالے سے کام کر رہے تھے۔
عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت’ کی ویب سائٹ پرکے مطابق شٹائنٹز نے مزید کہا کہ ہم یہ نہیں بھولے کہ سوڈان نے اسرائیل کے خلاف جنگوں میں ہمارے دشمنوں کا ساتھ دیا اور ایران کے راستے غزہ کو اسلحہ سپلائی کرتا رہا۔ مگر اب سوڈان اسرائیل کے دشمنوںکی صفوں سے نکل کر دوستی کے راہ پر چل پڑا ہے۔ یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔