فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ سوڈان کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اقدام فلسطینی قوم کے لیے المناک ہے۔
رام اللہ میں کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب میں محمد اشتیہ کا کہنا تھا کہ برادر ملک سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرکےفلسطینی قوم کے دشمنوں کا ساتھ دے کر فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے عرب اور مسلمان برادر ملک جس گڑھے میں گذشتہ ایک صدی نہیں گرے وہ اس اب اس میں گر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی صف میں شامل ہونے والے ممالک عرب ممالک کی دیوار کو کمزور کررہےہیں۔فلسیطنی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے مستقبل کا فیصلہ ہماری قوم کرے گی۔ دنیا کی کوئی دوسری طاقت یا ملک فلسطینیوں کے مستقبل کے مقدر کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ خطے میں امن کی کلید مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ہے۔
خیال رہے کہ سوڈانی وزیرخارجہ عمر قمرالدین نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوڈان کی عبوری حکومت نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا ہے۔
سوڈان اسرائیل کو تسلیم کرنے اور صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والا پانچواں عرب ملک بن گیا ہے۔ سنہ 1979ء کو مصر نے اسرائیل کو تسلیم کیا۔ سنہ 1994ء کو اردن نے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کیا جب کہ 2020ء میں امارات، بحرین اور اب سوڈان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیا ہے۔