فلسطین کی سپریم علما کمیٹی کے چیئرمین اورمسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطین بھر میں آج ‘ناموس رسالت’ مظاہرے اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف یوم الغضب منانے کی کال دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ممتاز فلسطینی عالم دین الشیخ عکرمہ صبری کا کہنا تھا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت سے پوری مسلم امہ اس وقت شدید غم وغصے اور صدمے سے دوچار ہے۔ انہوںنے کہا کہ فلسطینی قوم آج جمعہ کے روز میلاالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی یاد میں یوم ناموس رسالت منائیں اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے اشتعال انگیز اقدام کے خلاف مظاہرے کریں۔
الشیخ صبری کا کہنا تھا کہ پوری مسلم امہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پرصدمے میں ہے۔ آج کے دور میں بھی کسی ایک مذہب یا طبقے کی طرف سے دوسرے مذہب کی توہین اور مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی اس بات کا ثبوت ہے کہ گستاخوں کسی تہذیب اور تمدن سے آشنا نہیںبلکہ ان میں اور جنگل کے درندوں میں کوئی فرق نہیں۔
انہوںنے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اسلام کی مقدس ہستیوں اور ہمارے آخری نبی کی شان میں گستاخی، تمسخر اور مذاق ناقابل قبول اور ناقابل معافی جرم ہے۔
انہوںنے فلسطینی قوم سے اپیل کہ کی کہ وہ آج جمعہ کے روز ناموس رسالت کے حوالے سے ہونے والے مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور فرانس کو یہ پیغام دیں کہ مسلم امہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کےاشتعال انگیز جرم کو کسی قیمت پرقبول نہیںکرے گی۔