امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک متنازع بیان میں کہا ہے کہ بیت المقدس میں پیدا ہونے والے باشندے اسرائیل کے شہری ہیں۔ انہیں القدس کے باشندے نہیں قرار دیا جا سکتا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق متعدد ٹویٹس میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ القدس میں پیدا ہونے والے باشندوں کو فلسطینی یا القدس کے باشندے نہیں بلکہ انہیں اسرائیلی شہری تصور کیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ القدس کے فلسطینی باشندوں کے پاسپورٹس پر فلسطین یا اسرائیل میں سے کسی ملک کا نام شامل نہیں کیا جاتا بلکہ ان کی شناخت القدس کے باشندگان کے طور پر ہوتا ہے۔
مائیک پومپیو نے امریکی صدر کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کو دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے فیصلے کا دفاع کیا اور کہا کہ متحدہ القدس اسرائیل کا دارالحکومت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی خود مختاری اور اس کی سرحدوں کے معاملے میں لچک موجود ہے اور سرحدوں کے تعین کے بارے میں بات کی جاسکتی ہے۔
انہوںنے کہا کہ امریکا سنچری ڈیل کے خطوط پر مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے اقدامات کا پابند ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں سے مذاکرات کی طرف واپسی پر زور دیا۔