قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں آج سوموار کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق گذشتہ شب قابض فوج کی غرب اردن کے مختلف شہروں میں چھاپے مارے اور گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔
بیت المقدس کی مختلف کالونیوںمیں بھی قابض فوج نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے عیسویہ اور اس کے اطراف میں مشقیں کیں اور القدس کئی سڑکوں اور کالونیوں کوسیل کردیا گیا۔
اس دوران قابض فوج نے عیسویہ میں فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
بیت المقدس کی الصوانہ کالونی میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا جنہیں نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔
القدس میں سلوان کے مقام سے 25 سالہ عبادہ نضال دنیس کو گرفتار کیا گیا جبکہ شمالی قلندیا سے محمود السلامہ اور ایک دوسرے نوجوان کو گرفتار کیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے قلندیا میں فلسطینی راہ گیروں پر ہوائی فائرنگ کی اور گاڑیوں کو گھنٹوں سڑک پر روک کر ان کی تلاشی لی جاتی رہی۔
القدس میں عناتا کے مقام سے موسیٰجمال سلامہ کو گرفتار کیا گیا۔ قابض فوج نے فلسطینی نوجوان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ اس کے گھر میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
ادھر رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
قابض فوج نے طولکرم، رام اللہ ، نابلس اور بیت لحم سمیت متعدد شہروں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوںکو گرفتار کرلیا۔