خلیجی ریاست بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی کا اسرائیل کا دورہ اختتام پذیر ہوگیا۔
الزیانی بدھ کے روز صہیونی ریاست کے بن گوریون ہوائی اڈے پرپہنچے تھے۔ اس کے بعد انہیں تل ابیب لے جایا گیا جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی۔ اس دورے کے موقعے پر بحرینی وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور انے صہیونی ہم منصب اشکنزئی سے بھی ملاقات ہوئی۔ ستمبر میں صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کے بعد بحرینی وزیر خارجہ کا اسرائیل کایہ پہلا دورہ ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر خارجہ عبدالطیف بن راشد الزیانی بدھ کے روز ایک خصوصی طیارے پراسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے پر اترے تھے۔
ان کے ہمراہ امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی آوی بیرکوفیٹچ بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ستمبر میں بحرینی فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کے اقدام کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس اقدام سے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے اور مسئلہ فلسطین کے حل میں مدد ملے گی تاہم ناقدین نے واضح کیا ہے کہ عرب ملکوں کی طرف سےاسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کیے جانے کے نتیجے میں مسئلہ فلسطین مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔