چهارشنبه 30/آوریل/2025

سعودی عرب کی اسرائیلی وزیراعظم کے مملکت کے دورے کے تردید

بدھ 25-نومبر-2020

سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسرائیلی میڈیا کی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے نیوم میں ملاقات سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔

اسرائیل کے آرمی ریڈیو اور کان ریڈیو، دونوں نے یہ اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسف میرکوہن نے تل ابیب سے نیوم کا خفیہ دورہ کیا ہے اور وہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کی ہے۔برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے بھی اس ملاقات کی اطلاع دی ہے۔

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان اطلاعات کو مسترد کردیا ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ "میں نے نیوم کے ہوائی اڈے پر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا خیرمقدم کیا تھا اور انھیں وہیں سے رخصت کیا تھا۔میں ان کی ولی عہد سے ملاقات میں بھی شریک تھا۔وہاں کوئی اسرائیلی موجود نہیں تھا۔”

انھوں نے الگ سے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ "میں نے سیکریٹری مائیک پومپیو کے حالیہ دورہ کے موقع پر سعودی ولی عہد اوراسرائیلی عہدے داروں کے درمیان مبیّنہ ملاقات سے متعلق پریس رپورٹس ملاحظہ کی ہیں۔ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی اور جس ملاقات کا ذکر کیا جارہا ہے،اس میں صرف امریکی اور سعودی عہدے دار موجود تھے۔”

شہزادہ فیصل فروری میں بھی سعودی ولی عہد اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کی خبروں کی تردید کر چکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی