اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے وزیر دفاع بینی گینٹز کے ساتھ کرونا وبا کا پھیلائو روکنے کے لیے مشاورت شروع کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم یاھو اور وزیر دفاع آج شام کو مشاورت کریں گے جس میں آئندہ اتوار سے مکمل لاک ڈائون پر غور کیا جائے گا۔
عبرانی اخبار’ہارٹز’ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران کسی بھی شہری کا ایک ہزار میٹر سے زیادہ سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ خاندانوں کی باہمی ملاقاتوں پر پابندی ہوگی، ہوٹل اور ریستوران صرف پارسل کھانا فراہم کریں گے۔
فی الحال لاک ڈائون کی مدت دو ہفتے کے لیے ہوگی جس کے بعد مزید دو ہفتے کی توسیع کی جاسکے گی۔ اگر پہلے دو ہفتے میں کرونا کے یومیہ متاثرین کی تعداد ایک ہزار سے کم نہ ہوئی تو لاک ڈائون میں توسیع کی جائےگی۔