فلسطین کے مشرقی بیت لمقدس میں مسجد موسیٰ چند روز قبل بے حرمتی کا شکار ہونے والی مسجد میں سیکڑوں فلسطینیوں نے نماز عصر ادا کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی حکام کی طرف سے بیت المقدس میں راستوں کی بندش اور رکاوٹوں کے باوجود بڑی تعداد میں بیت المقدس کے باشندے مسجد موسیٰ میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔
اس موقع پر فلسطینی نمازیوں نے مسجد موسیٰ اور مقام موسیٰ میں چند روز قبل ایک حیا باختہ پارٹی کے انعقاد کی شدید مذمت کی اور کہا کہ فلسطینی مسلمان اس طرح کی کسی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ مذکورہ مسجد میں گذشتہ دنوں فلسطینی اتھارٹی کی اجازت سے ایک متنازع تقریب کا انعقاد کیا جس میں کچھ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے وہاں پر نہ صرف شراب نوشی اور غل غپاڑہ کیا بلکہ مسجد میں ڈانس کیا اور سوشل میڈیا پر ڈانس کی لائیو ویڈیو نشر کی۔ اس پر فلسطینی عوام میں سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے اس واقعے کی انکوائری کے لیے کمیشن قائم کر دیا ہے۔