قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں ‘دیوار فاصل’ کے قریب ایک فلسطینی مزدور کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ طولکرم میں فرعون کے مقام پر پیش آیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوںنے فلسطینی مزدور جس کی عمر 20 سال کے قریب بتائی جاتی ہے کو دیوار عبور کرنے کی کوشش کے دوران گولی ماری۔ اسے شدید زخمی حالت میں شہید ثابت ثابت اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
قبل ازیں طولکرم سے سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جانے کی کوشش کے دوران 6 فلسطینی مزدوروں کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا تھا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے البوابہ کے مقام پر فلسطینی مزدووں کو گولیاں ماریں جس کے نتئجے میں کم سے کم 6 مزدور زخمی ہوگئے۔
ادھر شہید ثابت ثابت اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ اسپتال میں لائے گئے زخمیوں کی ٹانگوں میں گولیاںلگی ہیں۔ ان میں سے دو کی پنڈلیوں کی ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔